نئی دہلی، 22؍جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا )برہان وانی کے مارے جانے کے بعد وادی میں پیدا ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی کوشش کے تحت کل مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ دو دن کے کشمیر دورے پر پہنچیں گے۔ریاست میں تشدد میں 45افرادہلاک ہوئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ سنگھ کل دن میں 11بجے سرینگر پہنچیں گے اور سب سے پہلے وزیراعلیٰ محبوبہ مفتی اور سینئر حکام کے ساتھ بات چیت کریں گے اورکشمیروادی میں قانون کے علاوہ حالات کا جائزہ لیں گے۔اس کے بعد وہ سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں کے نمائندوں اوراہم شہریوں سے ملاقات کریں گے ۔تاکہ کشمیر کے حالات کی معلومات لی جا سکے اور مستقبل کے فریم ورک کے بارے میں بات ہو سکے۔سنگھ سری نگر کے نہرو گیسٹ ہاؤس میں رکیں گے جہاں وہ عوامی علاقے کے نمائندوں سے ملاقات کریں گے۔وزیر داخلہ نے کل پارلیمنٹ میں کہا تھا کہ وہ کشمیر کا دورہ کریں گے اور لوگوں سے بات چیت کرنے کیلئے ایک گیسٹ ہاؤس میں رکیں گے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں یقین ہے کہ ہم کشمیر میں حالات سدھارنے میں کامیاب رہیں گے۔وزیر داخلہ پیلیٹ گن کا متبادل ڈھونڈنے کے لئے پہلے ہی ایک ماہر کمیٹی کی تشکیل کا اعلان کر چکے ہیں۔کشمیر میں حالات کو کنٹرول میں لانے کے لئے اس گن کا استعمال کیا گیا تھا جس کی کافی تنقید ہوئی۔
کشمیری نوجوانوں کو’’محب وطن‘‘قرار دیتے ہوئے سنگھ نے کہا کہ وہاں نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش ہوئی ہے۔سنگھ نے کہا کہ پاکستان نے کشمیر میں حالات کو بھڑکانے میں اہم کردار ادا کیا۔